چوہدری سالک کے ق لیگی ارکان اسمبلی سے رابطوں پر مونس الٰہی کا ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے مسلم لیگ ق کے ارکان پنجاب اسمبلی سے رابطوں کے دعوے پر مونس الٰہی کا ردعمل آگیا۔ ق لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ اپنا بندوبست کر رکھا ہے، ایک ایک رکن رابطے میں ہے، ہمارا کوئی رکن اسمبلی ان ہاؤس تبدیلی کا حصہ نہیں ہوگا لیکن عنقریب ن لیگ کے صوبائی ارکان ضرور ٹوٹیں گے۔

وی لاگرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کہیں گے وہی ہوگا یہ فیصلہ اٹل ہے، انتخابات کے مطالبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، موجودہ سیاسی صورتحال میں انتخابات ہی واحد سیاسی حل ہے، مستقبل میں بھی تحریک انصاف کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ ساتھ چلے۔مونس الٰہی نے تصدیق کی کہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کا رابطہ بحال ہوا ہے لیکن میں چوہدری شجاعت حسین سے اس دن سے نہیں ملا جب عمران خان سے ملاقات کے لیے گیا تھا، عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ہمارے محسن ہیں، ہم احسان فراموش نہیں، اس لیے عمران خان کے ساتھ دیر پا چلنے کے خواہاں ہیں اور مستقبل میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ق لیگ پی ٹی آئی کے ساتھ رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ق لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہونے کا دعویٰ کیا تھا، لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیٹ اپ تبدیل ہو یا نہ ہو تاہم لوگوں کی نیت تبدیل ہورہی ہے اور ق لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں، وہ اراکین کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں، کیوں کہ ہر کسی کو پتہ ہے کہ کیا معاملات چل رہے ہیں، یہی لگتا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا کسی کا ارادہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close