وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ایم این سی ایچ پروگرام کے 348 ملازمین کی مستقلی کے لیے اسامیوں کی منظوری

مظفرآباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ایک اور وعدہ وفا کر دیا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر MNCH پروگرام کے ملازمین کو نارمل میزانیہ پر منتقل کرنے کے لیے محکمہ مالیات نے آسامیوں کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنی بجٹ تقریر میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام MNCH پروگرام کے ان کنٹیجنٹ ملازمین کی نارمل میزانیہ پر منتقلی کا اعلان کیا تھا۔

جبکہ ایم این سی ایچ پروگرام کے ملازمین نے گذشتہ دنوں احتجاج کے دوران وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر وزیراعظم آزادکشمیر نے سیکرٹری مالیات، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت کو ہدایت کہ تھی کہ فوری طور پر ان ملازمین کی نارمل میزانیہ پر منتقلی اور بقیہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے احکامات کی روشنی میں آج ایم این سی ایچ پروگرام کے ان ملازمین کی مستقلی کیلئے محکمہ مالیات نے 348 آسامیوں کی منظوری دیدی ہے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے احکامات کی روشنی میں ایم این سی ایچ پروگرام کے ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں