اسمبلیاں تحلیل ہوتے ہی عمران خان کی گرفتاری کی تیاریاں

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ مرشد اور چیلوں کا قانون کے مطابق جلد انتظام ہو جائے گا،عمران خان کو ساری بدعنوانیوں کا حساب دینا پڑے گا، عمران خان دوسروں پر الزام لگاتا اور خود عدالتوں سے بھاگتا پھررہا ہے۔

 

 

انہوں نے آج یہاں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہرطرف مرشد مرید کی ’کہانیاں‘ ہیں، ایک شخص نے ملکی اداروں کو بدنام کیا، کاغذ لہرا لہرا کر پریس کانفرنسز کرنے والا شہزاد اکبر آج کہاں ہے؟ محمد شہبازشریف ڈیلی میل والے معاملے میں سرخرو ہوئے، ڈیلی میل سے پہلے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی بھی شہبازشریف کو کلین چٹ دے چکی ہے، لیکن دوسروں پر الزام لگانے والا عمران خان آج عدالتوں سے بھاگتا پھررہا ہے، عمران خان نے سیاسی مقاصد کیلئے بیرونی فنڈنگ حاصل کی۔طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے خلاف الزامات پر فنانشل ٹائمز پر کیس کیوں نہیں کیا؟ نوازشریف کی کارکردگی سی پیک اور موٹرویز سمیت متعدد ترقیاتی کاموں کی صورت میں قوم کے سامنے ہے، عمران خان کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کیلئے کچھ نہیں اس لئے دوسروں پرالزام تراشی کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مرشد اور چیلوں کا انتظام قانون کےمطابق ہوجائے گا، عمران خان اقتدار کیلئے بلیک میلنگ سمیت ہرطرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے، عمران خان کو توشہ خانہ سمیت دیگر بدعنوانیوں کا حساب دینا پڑے گا۔طلال چودھری نے کہا کہ جس دن عمران خان نے اسمبلیاں توڑ دیں اس دن اس کو پکڑنا آسان ہوگا، عمران خان کبھی لاہور اور کبھی پشاور میں چھپ کربیٹھ جاتے ہیں، اسمبلیاں توڑیں گے تو عمران خان کو اپنی سیاسی طاقت کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس نہ کردار ہے نہ ہی کارکردگی ہے، نوازشریف اور شبہازشریف کی کارکردگی سے آپ مقابلہ نہیں کرسکتے، جتنے پیسوں میں شہبازشریف نے 4 میٹرو بنائیں اتنے میں انہوں نے ایک میٹرو بنائی۔ طلال چودھری نے کہا کہ ان کے کچھ لوگ گھڑیاں بیچ رہے ہیں کچھ ہیرے بیچ رہے ہیں، مدینہ کی ریاست کا نام لے کرجھوٹ بولتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close