فیصل آباد، 17 سالہ گھریلو ملازمہ کی پراسرار ہلاکت، تین ملزمان کی پہچان سامنے آ گئی، گرفتار کر لیے گئے

فیصل آباد (آئی این پی)فیصل آباد میں 17 سالہ گھریلو ملازمہ کی پراسرار ہلاکت پر سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لے کر ملزمان کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد 3 ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق پیراڈائز کالونی میں کام کرنے والی 17 سالہ گھریلو ملزمہ ماریہ کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ سامنے آیا جس پر سی پی او فیصل آباد خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے،

جس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے لڑکی کے والد غلام عباس شاہ ولد نور علی شاہ کی مدعیت میں 5 نامزد ملزمان محمد ارشد ولد امیر علی، شیخ خرم مختار ولد مختار احمد، شیخ حمزہ خرم ولد محمد خرم، ب ببلو اور نعمان مسیح کیخلاف زیر دفعات 302 ت پ، 147 ت پ، 149 ت پ مقدمہ نمبر 2091/22 درج کرکے 3 ملزمان راشد، نعمان اور ببلو کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق غلام عباس شاہ ولد نور علی شاہ ساکن 209 ر۔ب نے پولیس کو بتایا کہ اس کی 17 سالہ بیٹی ماریہ پیراڈائیز کالونی کی رہائشی شیخ خرم اور شیخ حمزہ خرم کے گھر گھریلو ملازمہ تھی۔ملزمان نے 5 دسمبر کو رات 8 بجے 15 پر فون پر اطلاع دی کہ ماریہ کی طبیعت خراب ہے اسے انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی اور اسکے گلے پر رسی کے واضح نشانات تھے۔مدعی کے بیان کے مطابق ملزمان میری بیٹی پر بری نظر رکھتے تھے جس کی مقتولہ نے شکایت بھی کی تھی۔ مدعی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان نے میری بیٹی کو زبردستی جنسی زیادتی کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا ہے۔لڑکی کے قتل کے حوالے سے سٹی پولیس آفیسر سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے گرفتارملزمان میں راشد، نعمان اور ببلو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کے ساتھ پورا تعاو ن کیا جارہا ہے اور انہیں قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں