اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن منصور علی خان کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے چوہدری پرویز الہٰی سے نہیں کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ شامل ہوجائیں بلکہ ان کا اور مونس الہٰی کا پہلے سے جھکاؤ اس طرف تھا، جنرل باجوہ اس بات پر شکر گزار ہیں کہ چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔
اپنے ایک وی لاگ میں منصور علی خان نے بتایا کہ انہوں نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع کے ذریعے مونس الہٰی کے اس دعوے سے متعلق سوال پوچھا جو انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا تھا۔ کیا چوہدری پرویز الہٰی کو آپ نے کہاتھا کہ تحریک انصاف کی طرف چلے جائیں؟ اس پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا یہ مؤقف سامنے آیا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے انہیں فون کیا اور پوچھا کہ وہ کس طرف جائیں جس پر جنرل باجوہ نے کہا کہ وہ نیوٹرل ہوچکے ہیں اور اس پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتے۔ کچھ روز بعد چوہدری پرویز الہٰی کا دوبارہ فون آیا اور کہا کہ ہم بہت مشکل میں ہیں، آپ بتائیں کہ ہم کس طرف جائیں، مونس کہتا ہے کہ ہمیں پی ٹی آئی کی طرف جانا چاہیے۔جس پر جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ کو جو بھی مناسب لگے وہ کریں۔دوسری بار جب فون آیا تو اس دوران جنرل باجوہ نے یہ کہا کہ آرمی چیف سے ہٹ کر بھی ان کی بہت سے سیاستدانوں کے ساتھ دوستی ہے، جن میں چوہدری پرویز الہٰی، شاہد خاقان عباسی، فروغ نسیم ، پرویز خٹک ، خواجہ آصف اور مفتاح اسماعیل سمیت دیگر شامل ہیں۔ ابھی مفتاح اسماعیل کے کسی بچے کی شادی ہونے والی ہے اور جنرل (ر) قمر جاویدباجوہ اس میں شرکت کرنے کراچی جائیں گے۔
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اگر میں نے کہنا ہی ہوتا تو میں براہ راست چوہدری شجاعت حسین کو کہہ دیتا، چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا جھکاؤ پہلے ہی پی ٹی آئی کی طرف تھا تو میں نے کیسے ان کے گھر میں پھوٹ ڈال دی؟منصور علی خان کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہیٰ کے شکر گزار ہیں کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد جس طرح پی ٹی آئی نے ان کے خلاف ٹرینڈ چلائے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے جنرل (ر) قمر جاویدباجوہ کا ساتھ دیا جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں