نوازشریف کی واپسی کی باقاعدہ تیاریاں شروع ہو گئیں

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف نے وطن واپسی کا سگنل دیدیا ہے ، نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نواز شریف کا آئندہ انتخابات سے قبل پاکستان واپسی کا پروگرام پہلے ہی طے ہو چکا ہے ، وہ کسی بھی وقت پاکستان آ سکتے ہیں۔

نواز شریف نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخواکی اسمبلیاں تحلیل کر دیں تو وہاں آئین کے مطابق 90 روز کے اندر نئے انتخابات کروا دیے جائیں اور ان صوبائی انتخابات کی الیکشن مہم بھی وہ خود آکر چلائیں گے۔ذرائع کے مطابق اس صورت حال میں نواز شریف کسی بھی وقت وطن واپس آسکتے ہیں، نواز شریف نے اس سلسلے میں اپنے وکلاء سے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے، ان کی آمد کے فوری بعد عدالتوں میں ان کی سزاؤں پر زیرسماعت نظرثانی کی اپیلوں کی پیروی شروع کر دی جائے گی۔شریف فیملی کے انتہائی قریب سمجھے جانے والےذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ نواز شریف اب خود کو ملکی سیاست سے دور نہیں رکھیں گے اور براہ راست اپنی پارٹی اور حامیوں کی اگلے الیکشن میں رہنمائی کریں گے،یہ بھی اطلاعات ہیں کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی صورت میں مریم نواز وقتی طور پر لندن ہی قیام کریں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں