اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے ہفتہ وار اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی وفاق سے حکومت ختم ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم کی جانب سے بار بار الیکشن کے مطالبے اور اب صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کو نظر انداز کرتے ہوئے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق پہلا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے ، اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام ونگز تیاریوں سے متعلق بریفنگ پیش کریں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپرز کیلئے 3 لاکھ ٹن اضافی کاغذ خرید لیا، اجلاس میں رزلٹ مینجمنٹ سسٹم ( آر ایم ایس) اور پولنگ سٹیشن کی میپنگ سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی ، عام انتخابات کیلئے فنڈز کی دستیابی سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان رواں ماہ کے اختتام تک پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کر چکے ہیں ، عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر حکومت الیکشن سے متعلق بات نہیں کرتی تو اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں