عمران خان مقبولیت کی عروج پر۔۔ گزشتہ 8ماہ میں ہونیوالے ضمنی الیکشن کے تہلکہ خیز اعداد و شمار جاری

لاہور (پی این آئی) عمران خان کی مقبولیت عروج پر، گزشتہ 8 ماہ میں ہوئے ضمنی الیکشن کے اعداد و شمار سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی جانب سے شہباز شریف اور اتحادیوں کی وفاقی حکومت کے قیام کے بعد ہونے والے ضمنی الیکشنز کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پی ڈی ایم اتحاد کی وفاقی حکومت آنے کے بعد ملک بھر میں کل 36 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے۔ان ضمنی الیکشنز میں تحریک انصاف 75 فیصد نشستوں میں فتحیاب رہی، 36 نشستوں پر ہوئے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی 27 پر حکومت کو پچھاڑنے میں کامیاب ہوئی۔ جبکہ خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر میں ہوئے بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو وفاقی حکومت کا حصہ اتحادی جماعتوں پر واضح برتری رہی۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان کو عوام میں حاصل بے پناہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہی تحریک انصاف جلد از جلد ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے کوشاں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے متحریک بھی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم سے متعلق پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کیلئے 3 ریجنز پر مبنی بورڈز تشکیل دئیے جائیں گے۔

 

 

پی ٹی آئی کے 3 پارلیمانی بورڈز کو وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تینوں بورڈز کے اجلاسوں کی صدارت عمران خان خود کریں گے، میٹنگ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور تینوں ریجنز کے صدور اور سیکریٹریز شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے 2018ء کے کامیاب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو فوقیت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے اسمبلی سے باہر موجود پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو بھی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی ٹکٹ کیلئے آزادی مارچ کے دوران متحرک رہنمائوں اور کارکنوں بھی ترجیح دی جائے گی۔ اس حوالے سے گزشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اعلان کیا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کے لوگوں کو ٹکٹس دینے کی ترجیح دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close