وزیراعظم شہباز شریف نے اہم وفاقی وزیر کا استعفی مسترد کر دیا، کام جاری رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے اعظم نذیر تارڑ کا بطور وزیرقانون استعفی مسترد کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیا رپورٹسکے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر وفاقی وزرا کے وفد کی اسلام آباد میں سینیٹر اعظم نزیر تارڑ کی رہائش گاہ پہنچے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پر مشتمل وفد نے اعظم نزیر تارڑ سے ملاقات کی اور انہیں استعفی واپس لینے پر منانے کی کوشش بھی کی۔

وفاقی وزرا کے وفد نے اعظم نزیر تارڑ کو وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شہباز شریف نے استعفی مسترد کر کے آپ کو وزیرقانون کے منصب پر ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، لہذا آپ اپنا کام جاری رکھیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اعظم نزیر تارڑ بدھ کو وزیر قانون کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے 24 اکتوبر کو وزیر قانون کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔ جس کے بعد سردار ایاز صادق کو وزیر قانون کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close