پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے یا گورنر راج لگایا جائے؟ ن لیگ سر جوڑ کر بیٹھ گئی

لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب کی صورتحال پر وکلا سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ ن لیگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے یا گورنر راج لگانے پر کشمکش کے بعد وکلاء سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

 

 

وکلاء سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی کہ کیا گورنر پنجاب وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں؟ کیوں کہ ن لیگی رہنماؤں کی اکثیرت یہ سمجھتی ہے کہ تحریک عدم اعتماد لائے تو 186 ارکان پورے کرنا مشکل ہوگا۔ ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ پارٹی مؤقف مکمل مشاورت کے بعد دیا جائے کیوں کہ گورنر راج لگانے کے لیے بھی ایسی صورتحال ضروری ہے، جس سے گورنرراج کا جواز ملے۔ اس حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے پنجاب کی کورکمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، جب کہ حمزہ شہباز آئینی ماہرین سے بھی مشاورت کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ کسی کو مینڈیٹ چرانے کا موقع نہیں دیں گے، پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہ کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، آج کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق بات چیت ہوئی۔

 

 

 

کل اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، ہم کوشش کریں گے کہ حمزہ شہباز کی پنجاب حکومت کو دوبارہ بحال کریں، اس سلسلے میں حمزہ شہباز پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے جلد ملاقاتیں کریں گے۔ اہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کی مدت مکمل ہوگی اور کسی کو بھی مینڈیٹ چرانے کا موقع نہیں دیں گے، پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہ کرنے کیلئے ہم آخری حد تک جائیں گے، ن لیگ عوامی مینڈیٹ کو متاثر نہیں ہونے دے گی، ہم پُرعزم ہیں کہ پنجاب اسمبلی کی مدت کو پورا کرایا جائے، اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر الیکشن سے متعلق عدالت کو درخواست دی تھی، کیس سے متعلق کچھ بھی فیصلہ آئے لیکن ہمارے اس کیس کو سنا جائے۔ اس دوران مسلم لیگ ن کی خاتون رہنماء عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے ارکان کی تعداد برابر ہے، پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں، پرویزالٰہی کو پتہ نہیں کیا غلط فہمی ہوگئی ہے۔

 

 

چوہدری پرویزالٰہی کو عمران خان کے دباؤ میں آکر کوئی غیرآئینی اقدام نہیں کرنے دیں گے، پرویزالٰہی ایک غیرقانونی وزیراعلیٰ ہیں، اس حوالے سے حمزہ شہباز کی ریویو پٹیشن 6 ماہ سے پینڈنگ میں ہے اسے سنا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close