پی ڈی ایم نے پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا، تہلکہ خیز دعویٰ

شکر گڑھ (پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے،پنجاب حکومت کو جمہوری انداز میں رخصت کریں گے،پنجاب کے وزیر اعلٰی کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئی چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کام کرنے کو تیار نہیں،پنجاب حکومت آئینی حدود سے تجاو کر رہی ہے۔

 

 

 

پنجاب حکومت عدالتی فیصلے کی بنیاد پر کھڑی ہے،ق لیگی ایم پی ایز اپنے صدر کی ہدایت پر ووٹ دیں تو پنجاب حکومت ختم ہو جائے گی۔پی ٹی آئی پنجاب حکومت کے وسائل سے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے، جبکہ ملک کو سیاسی استحکام کیلئے انتشار سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب حکومت کے ذریعے اداروں کیخلاف منفی تاثر پیدا کیا۔آئندہ انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے،ن لیگ 10 سال سے احتساب کا سامنا کر رہی ہے اور ان برسوں میں ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ قبل ازیں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ حکمران اتحاد اب پنجاب میں تبدیلی کیلئے سرگرم ہوگیا ہے،تبدیلی کا مشن آصف زرداری کو سونپ دیا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی لاہور آمد کی خبروں کے بعد وفاقی وزراء کی جانب سے بھی متعدد ایسے بیانات دیے گئے جن سے واضح ہے کہ اتحادی حکومت پنجاب حکومت میں جلد تبدیلی لانا چاہتی ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب ہمیں پنجاب کا رخ کرنا چاہیے اور صوبے کو واپس لینا چاہیے۔

 

 

 

انہوں نے کہا پرویز الہی جدھر کا بہاؤ دیکھیں گے اس طرف چل پڑیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب کی بھی خواہش ہو گی کہ معافی تلافی ہو جائے۔جبکہ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت ضرور گرائیں گے، پنجاب حکومت دو تین ووٹوں پر کھڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close