اگر کسی نے آئینی حد پار کی تو۔۔۔ حکومت نے تحریک انصاف کو خبردار کر دیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر کسی نے آئینی حد عبور کی تو قانون حرکت میں آئے گا،معیشت کی بہتری حکمرانوں کی اولین ترجیح ہے اور رواں سال کے اختتام سے پہلے نواز شریف واپس آجائیں گے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری حکمرانوں کی اولین ترجیح ہے اور رواں سال کے اختتام سے پہلے نواز شریف واپس آجائیں گے، پی ٹی آئی کے احتجاج کے

دوران شہریوں کے حقوق پامال ہوئے تو ان کی حفاظت کریں گے، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن آئین اور قانون کی حد عبور نہ کیا جائے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے چار سال پی ٹی آئی کی حکومت میں جو ہمارا حال ہوا ہے ،کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں ہوسکا، لوگوں کو سمجھاتے رہے ہیں کہ یہ حالات ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں معاملہ اٹھایا جو امداد میں تفریق کی شکایت ہے اس کو دور کیا جائے اور سیلاب زدگان کی بلاتفریق مدد ہونی چاہیے،

سردیوں کا موسم ہے اور سیلاب زدگان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اتحادیوں سے درخواست ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے اقدامات کو مزید تیز کریں اور وسائل سے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جبکہ حکومت کا فرض ہے سیلاب متاثرین کو چھت فراہم کرے، متاثرین کو جو مشکلات ہیں اس سے نمٹنے کے لئے ہرممکن اقدامات ہونے چاہئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close