تحریک انصاف کے جلسے کے لیے پولیس نے مرکزی اسٹیج کا کام بند کروادیا، اسٹیج کہاں منتقل کیا جائے گا ؟ تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی )راولپنڈی کے علاقے فیض آباد کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے پولیس نے مرکزی اسٹیج کا کام بند کروادیا جس کے بعد پی ٹی آئی نے جلسے کا مرکزی اسٹیج مری روڈ رحمان آباد منتقل کرنے کا کام شروع کردیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پولیس نے اسٹیج کے کام میں مصروف عملے کے شناختی کارڈز لے لیے اور اسٹیج کی تیاری کا کام بند کروا دیا گیا۔اس حوالے سے پولیس نے عملے کو ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ اوپر سے آرڈر آیا ہے

یہاں اسٹیج نہیں بننے دیا جائے گا۔ اسٹیج کی تیاری میں رکاوٹ پر پی ٹی آئی ایم این اے اسلم خان کی پولیس حکام سے تلخ کلامی ہوگئی اور اسلم خان نے کہا کہ ایس ایچ او کے کنڈکٹ کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے گا۔پولیس کی جانب سے کام روکنے پر مرکزی اسٹیج رحمان آباد سے سکستھ روڈ منتقل کرکے مری روڈ پر سروے آف پاکستان کی عمارت کے سامنے لگادیا گیا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے، اب نیا ڈراما شروع کردیا ہے،

مرکزی اسٹیج کو فیض آباد سے رحمان آباد منتقل کررہے ہیں تاہم جلسہ مری روڈ پر ہی ہوگا، فیض آباد سے 2 کلو میٹر آگے ہوگا۔اس دوران صحافی نے شبلی فراز سے سوال کیا کہ آپ کی پنجاب میں اپنی حکومت ہے یہاں سے کیوں ہٹا رہے ہیں؟ اس پر پی ٹی آئی رہنما نے جواب دیا کہ صوبائی انتظامیہ سے جب بات کرو تو وہ مسکرا دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں کل جلسے کا اعلان کیا ہے جس کے لیے انتظامیہ نے مشروط اجازت دی ہے۔پریڈ گراونڈ میں

ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ میں اسلام آباد انتظامیہ رکاوٹ بن گئی ہے اور اس نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ موجود ہی نہیں، انتہائی حساس مقام ہے اجازت نہیں دے سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close