اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی مشیرقمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگلا آرمی چیف کون ہوگا وزیراعظم اور چند لوگوں کے سواکسی کو بھی نہیں پتاہے،سب اپنے خیالات کے گھوڑے دوڑا رہے ہیں، میرا خیال کہ اب اس معاملے پربات نہیں ہونی چاہیے، پہلے ہی عمران خان نے بڑی خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اداروں سمیت سب سے لڑ رہا ہے، عمران سب کو چور کہتے رہے آج کیا ثابت ہورہے ہیں؟ پونے چار سال حکومت کی پھر کس کو چور چور کہہ رہے ہیں؟ آج بھی دو جملو ں میں بات کرے تو مخالفین کو صرف چور کہتا ہے، توشہ خانہ کیس ہے اگر فرضی کیس بنا دیتے تو سب کہتے یہ کیا کیا ہے؟ ہم مخالفین کے خلاف قانون کے سہارے نہیں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لانگ مارچ سے نمٹنے کی جو حکمت عملی بنائی ہے وہ شیئر نہیں کی جاسکتی، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر نمٹیں گے، عدالت نے بھی کہا ہے کہ درخواست دیں کہ سڑکیں بند نہیں ہونی چاہیے، اگر وہ سڑکیں بند نہیں کریں گے اور جلسہ کرنا چاہیں گے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن ریڈزون میں جانے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت ہر اقدام آئین قانون کے دائرے میں رہ کر اٹھائے گی۔ حکومت کیلئے عمران خان کا لانگ مارچ کوئی پریشانی کا باعث نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی باتیں میڈیا پر چل رہی ہیں لیکن میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں تاہم انتظامی سطح پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ مذاکرات جمہوریت کا حصہ ہے عمران خان نے پہلے ہی شرائط رکھ دی تھیں، ہم نے کہا تھا کہ مطالبات رکھیں بات ہوسکتی ہے، لیکن اگر پہلے شرط رکھی جائے گی کہ پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں پھر مذاکرات کریں گے تو اس پر ہم نے معذرت کی۔ قمر زمان کائرہ کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا جواب وزیراعظم اور چند لوگوں کے پاس معلومات ہوں گی، سب اپنے خیالات کے گھوڑے دوڑا رہے ہیں، چند روز رہ گئے نام بھی سامنے آجائے گا۔میرا خیال ہے کہ اب اس معاملے پر سوالات نہیں کرنے چاہئیں، پہلے عمران خان نے اس کو بڑا کھینچا اور خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی، ہماری اتحاد کی حکومت ہے، شہبازشریف پیپلزپارٹی قیادت سے مشاورت کرتے رہتے ہیں، آصف زرداری ، نوازشریف، شہبازشریف یا مولانا فضل الرحمان نے کسی کو بتایا ہے ان چند لوگوں کے پاس ہی کوئی نہ کوئی بات ہوگی، باقی گھوڑے دوڑاتے رہیں۔
پانچ بندوں کی سمری ہونی ہے اس میں ایک کو وزیراعظم نے نامزد کردینا ہے، حالات کیوں خراب ہوں گے؟ کیا کسی ہندوستان کے بندے کو لگایا جارہا ہے یا پھر کسی پولیس کے افسر کو لگایا جارہا ہے، سمری میں جتنے بھی افسران ہیں وہ سب قابل ترین ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں