سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

لاہور (پی این آئی) احتساب عدالت لاہورنے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور کرلی، عثمان بزدار پرنیب میں آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے، عثمان بزدار نے درخواست میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

نیب میں آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی، عثمان بزدار احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرکے 30 نومبر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔عدالت نے عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کے لیے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ عثمان بزدار نے درخواست میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا ہے جو غور طلب ہے۔دوسری جانب چیئرمین نیب کو توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے کا نوٹس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے ہفتہ کے روز جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، دوست ممالک کی جانب سے ملنے والے تحائف قوم کی امانت ہوتے ہیں فروخت کرنے کیلئے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ کی تین قیمتی گھڑیاں عام مارکیٹ میں فروخت کردیں ۔ عمران خان نے یہ تینوں گھڑیاں زلفی بخاری،فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی مدد سے فروخت کیں۔قرارداد میں چیئر مین نیب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے اورگھڑیاں فروخت کرنے والے تمام کرداروں کےخلاف شفاف انکوائری کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close