ہم جنرل الیکشن کی طرح بلدیاتی الیکشن میں آزاد کشمیر بھر میں کامیابی حاصل کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان

مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم وصدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کے ویژن اور مشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 32 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، 27نومبر کو آزادکشمیر بھر میں پولنگ ہوگی، بلدیاتی امیدوار الیکشن کی بھرپور تیاری کریں،

تمام جماعتوں کے امیدواران کا احترام کرتے ہیں، آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن مضبوط اور مستحکم ہے،ہم جنرل الیکشن کی طرح بلدیاتی الیکشن میں آزاد کشمیر بھر میں کامیابی حاصل کریں گے، تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمام ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیابی ملی ہے، عمران خان عالمی لیڈر ہے،اور ہم عمران خان کے پیروکار ہیں آزاد کشمیر کے عام انتخابات جس طرح عوام نے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا اسی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی عوام پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ہمیں وہ 30ہزار سیکورٹی فورسز فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی مظفرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کر تے ہوئے کیا۔تقریب آمد پر شرکاء کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے بھرپور استقبال کیا گیا۔اس موقع پرسینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد،وزیر خزانہ عبدالماجد خان، ڈپٹی سپیکر اسمبلی چوہدری ریاض احمد،ممبر اسمبلی عاصم شریف بٹ، ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی، جنرل سیکرٹری و چیئرمین عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان،سابق امیدوار اسمبلی راجہ الیاس خان،سابق امیدوار اسمبلی چوہدری شہزاد،معاون خصوصی سید وارث علی گیلانی،چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اظہر گیلانی،معاون خصوصی برائے امور نوجوانان راجہ سبیل ریاض،کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم جبار خان مغل ودیگر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام حلقہ جات میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مضبوط اور مستحکم ہے ہمارے 78 سے زائد لوکل کانسلر بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں،آزاد امیدواروں کا پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کرنا عوام الناس کا حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے آزاد خطہ میں عمران خان کے ویژن اور اپنے منشور کے مطابق تعمیر وترقی اور خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے بلدیاتی انتخابات کے بعد وہ سپیڈ اپ ہوگا۔آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی حکومت کا مشن ہے،بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آزادکشمیر کے عوام کا خواب تھا جس کی تعبیر 32 سال پی ٹی آئی کی حکومت کرنے جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی آزادکشمیر و پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے، پاکستان کی طرح آزادکشمیر کے عوام بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،تمام بلدیاتی امیدوار اپنے حلقے کے اندر الیکشن کمپین کریں اور گھر گھر عمران خان کا پیغام پہنچائیں۔ وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات اور سیکورٹی کے حوالے سے بات ہوئی ہے جس پر وزیر داخلہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت آزاد کشمیر کو بلدیاتی انتخابات کے پرانے انعقاد کے لیے سیکورٹی فراہم کریں گے، بلدیاتی الیکشن میں پولیس اور آرمی کے ریٹائرڈ لوگوں کو الیکشن ڈیوٹی پر معمور کریں گے ہمارا علاقہ امن اور سلامتی کا گہوارہ ہے ہماری پاک فوج دینا کی بہترین فوج ہے ہمن چوبیس کروڑ مجاہدین ہیں کشمیر کے معاملے پر ہماری پاک افواج چوکس ہے ا نہوں نے کہا کہ مظفرآباد کو جدید ماڈل سٹی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا سفر جاری رہے گا بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے تاکہ عام لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اپوزیشن کی جماعتوں نے بلدیہ الیکشن کے ملتوی کے لیے پریس کانفرنسز کی اور عدم اعتماد کا پروپیگنڈہ کیا لیکن اس کے باوجود ہم اپنی اپوزیشن کا سیاسی احترام کرتے ہیں اور جمہوری طریقے سے انہوں بلدیاتی انتخابات میں شکست دیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر موسٹ وزیر حکومت خواجہ فارق احمد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں کلیدی کردار ہے بلدیاتی انتخابات کے ذریئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر بجٹ میں کٹوتی کی اور آزاد کشمیر حکومت کے لیے مسائل پیدا کئے جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہوا،آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن سے انقلاب برپا ہو گا 27 نومبربلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی پورے آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں