اسلام آباد (پی این آئی) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے ن لیگ کا کوئی فیورٹ نام نہیں، فوج جو نام بھیجے گی انہی پر مشاورت ہوگی، اہم تعیناتی پر مشاورت کا عمل 18یا 19نومبر کے بعد شروع ہوگا۔
انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے نام سے متعلق ابھی مشاورت نہیں ہوئی، اس اہم تعیناتی پر مشاورت کا عمل اٹھارہ یا انیس نومبر کے بعد شروع ہوگا۔آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے جو نام فوج بھیجے گی انہی ناموں پر مشاورت ہوگی۔ ابھی تک فوج نے اہم تعیناتی کیلئے نام نہیں بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حالیہ بیانات پر قانونی کاروائی ہونی چاہیے۔ عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا سوچ رہے ہیں، عمران خان کا ذاتی مفاد کیلئے ملک کی سالمیت اور قومی وقار کے ساتھ کھیلنا اور انٹرنیشنل تعلقات کو خراب کرنا جرم ہے۔مزید برآں مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٓانے والے دنوں میں بھی عمران خان مزید بے نقاب ہوں گے۔ سائفر پر آج آپ نے یو ٹرن لے لیا ہے، یہ سیاست نہیں ہے، انہوں نے ملک کا تماشہ بنا دیا ہے، یہ سب جھوٹ پر مبنی سیاست ہے، ذاتی مفادات ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف نہیں جا ئوں گا، یہ ان کی روایت ہے کہ ہر بات سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آج تک توشہ خانے کا جواب نہیں دے سکے، فارن فنڈنگ کیس کا بھی آج تک جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی کسی طرح اقتدار میں آنے کی کوشش ہے، یہ چیزیں ڈھکی چھپی نہیں رہیں گی، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ جب چاہیں جھوٹا بیانیہ بنا کر کہیں کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، جب چاہیں کہیں کہ نہیں اب اس بیانیے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں