آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن، ضلع پونچھ کے حلقہ تھوراڑ سے ضلع کونسل کے چار آزاد امیدوار پی ٹی آئی امیدواران کے حق میں دستبردار

مظفر آباد(پی آئی ڈی)آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کے حلقہ تھوراڑ سے ضلع کونسل کے چار آزاد امیدوارپاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے ٹکٹ ہولڈرز کے حق میں دستبردار ہو گئے، آزادامیدواروں کا وزیراعظم آزادکشمیر و صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار، پی ٹی آئی حکومت کے اب تک کے اقدامات پر سردارتنویر الیاس خان کو بھرپور انداز میں خراج تحسین ۔

وزیراعظم آزادکشمیر و صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان نے اہلیان تھوراڑ کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد امیدواروں کا پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کرنا عوام الناس کا حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔تھوراڑ ایک تاریخی خطہ ہے، تحریک آزادی کشمیر میں بھی اہلیان تھوراڑ کا تاریخی کردار رہا ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی اہلیان تھوراڑ کے اس تاریخی فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آزاد خطہ میں عمران خان کے ویژن اور اپنے منشور کے مطابق تعمیر وترقی اور خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے بلدیاتی انتخابات کے بعد وہ سپیڈ اپ ہوگا۔آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی حکومت کا مشن ہے، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آزادکشمیر کے عوام کا خواب تھا جس کی تعبیر پی ٹی آئی کی حکومت کرنے جارہی ہے۔صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر و پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے، پاکستان کی طرح آزادکشمیر کے عوام بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی عمران خان کے ویژن اور پی ٹی آئی کے نظریے کی فتح ہو گی اور آزادکشمیر بھر سے پی ٹی آئی کلین سویپ کریگی۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وقت ثابت کریگا کہ تھوراڑ کے امیدواروں نے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو کر درست فیصلہ کیا، پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے والوں امیدواروں کو مایوس نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں کے آزاد امیدوار بھی تھوراڑ کے تھوراڑ کے آزاد امیدواروں کی تقلید کریں۔ آزادکشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close