اگلا آرمی چیف کون ہو گا؟ نجم سیٹھی نے بھی بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) تجزیہ کار نجم سیٹھی نے دعویٰ کیاہے کہ تھری سٹار جرنیلوں کی اہم ترین کانفرنس میں 90فیصد کمانڈرز نے مارشل لاء کی مخالفت کردی ۔دو روز قبل راولپنڈی میں تھری سٹار جرنیلوں کی بہت اہم کانفرنس ہوئی ہے جس میں تمام کور کمانڈرز بھی شامل تھے۔

اس ملاقات میں پانچ بڑے موضوعات پر بحث ہوئی اور ان سے متعلق اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں 90 فیصد کمانڈرز نے مارشل لاء کی مخالفت کی ہے۔ “وہاں یہ سوال اٹھایا گیا تھا لیکن اس پر دو سے تین جرنیلوں کے علاوہ کسی کی حمایت سامنے نہیں آئی”۔ انہوں نے کہا کانفرنس میں جنرل باجوہ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ میں توسیع نہیں لینا چاہتا اور اس بات کا افسروں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔نجم سیٹھی کی چڑیا کے مطابق اس اجلاس سے اہم ترین خبر یہ نکلی کہ نئے آرمی چیف کے لئے تین سب سے سینیئر جرنیلوں کے نام حکومت کو بھیجے جانے پر کمانڈرز نے اتفاق کیا ہے۔ مگر یہ تین نام 18 نومبر کے بعد بھیجے جائیں گے کیونکہ 18 نومبر کو ایک سینیئر جنرل نے ریٹائر ہونا ہے۔ یہ نام ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھیجے جائیں گے۔

اس کانفرنس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ اگر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے گڑبڑ پیدا ہوتی ہے اور حکومت ہمیں بلاتی ہے تو ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے مگر کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ادارے پر انگلیاں اٹھیں۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کے لئے ہماری مدد طلب کی جاتی ہے تو ہم سہولت کار کا کردار نبھانے کے لئے تیار ہیں مگر فریقین میں سے کسی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں