لندن(آئی این پی)لندن میں تین بڑوں کی بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں مسلم لیگ( ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز نے اہم تعیناتی کیلئے ناموں پر مشاورت کو حتمی شکل دی، اہم عہدے پر توسیع کا بھی آپشن زیرغور آیا، حتمی فیصلہ اتحادیوں اور پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لندن میں مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی بڑی بیٹھک لگی،
وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے درمیان اہم عہدے پر تعیناتی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم تعیناتی کیلئے ناموں پر مشاورت کو حتمی شکل دی گئی، (آج )جمعرات کو مزید مشاورت ہوگی، نون لیگ کی قیادت کی جانب سے اہم عہدے پر توسیع کا آپشن بھی زیرغور آیا۔نون لیگ کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا موقف دیا، پارٹی قائد کے مشورے کو پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ شئیر کیا جائے گا، مشاورت پر اتفاق رائے کے بعد ہی تعیناتی کے حوالے سے نام سامنے آئے گا۔وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ابتدائی مشاورت میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دئیے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایون فیلڈ ہائوس میں ہونے والے ملاقات میں سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں