مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان کی قیادت میں آزادخطہ میںانقلابی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری، وزیراعظم سردارتنویرالیاس خان نے ہدایت کی ہے کہ جعلی ڈاکٹرز اورجعلی حکیموں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے۔سکولوں، کالجز اور مدرسوں میں تشدد پر مکمل پابندی لگائی جائے۔اشیائے خوردونوش کو عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق چیک کیا جائے اور صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔
ہسپتالوں میں عالمی معیار کے مطابق صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔کسی بھی تعلیمی ادارے، سرکاری دفاتر اور نجی اداروں کے باتھ روم یا ان کی حدود میں گندگی ہونے کی صورت میں ادارے کے سربراہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے جاری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامیہ جعلی ڈاکٹرز اور حکیموں کے خلاف کریک ڈاون کرے اور تمام اضلاع میں شہری جعلی ڈاکٹروں اور حکیموں کی نشاندہی کریں اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ اوکو رپورٹ کریں، کسی بھی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ذمہ دار انتظامی افسر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں عالمی معیار کے مطابق صفائی ستھرائی کے نظام پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی جگہ بالخصوص واش رومز میں گند یا بیماری پھیلانے والے کسی بھی میٹریل کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ بچوں پر تعلیمی اداروں میں کسی صورت تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بچوں پر تشدد کرنے والے ٹیچرز اور سربراہ ادارہ کو نہ صرف پولیس کے حوالے کیا جائے بلکہ عدالتی ٹرائل کا سامنا کرنا پڑیگا اور نوکری سے برخاست کر دیا جائے گا جبکہ پرائیویٹ ادارہ ہونے کی صورت میں ادارے کو مکمل بند کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تمام بڑی شاہراوں پر ہر دس کلو میٹر کے بعد خواتین و مردوں کیلئے باتھ رومز بنائے جائیں اور تمام شاہراوں پر بچوں کیلئے دودھ گرم کرنے کا انتظام ہونا ضروری ہے اور یہ کام پندرہ سالوں کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی لیا جا سکتا ہے بشرط ہے کہ اس منصوبے کو تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے حکومتی ہدایات پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنائیں، انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، صفائی کا ناقص انتظام ہونے کی وجہ سے صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، آزادکشمیر کو فلاحی معاشرے بنانے کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں