مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، ماحولیات و سمال انڈسٹریز کارپوریشن محمد رفیق نیئرنے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔علامہ اقبال کا مسلمانوں کیلئے الگ اسلامی ریاست کا خواب جسے قائد اعظم محمد علی جناح نے شرمندہ تعبیر کیا ہم مسلمانوں پر بہت بڑا احسان ہے۔آزاد ی کی قدر و قیمت وہی لوگ جانتے ہیں جو اس سے محروم ہیں۔
آج ان کے یوم ولادت پر میں اپنی نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ بھی اقبال کے منشور کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں تا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے پاکستان کا جو تصور پیش کیا تھا وہ 1947ء میں قائد اعظم کی قیادت میں حقیقت سے ہمکنار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے فکرو فلسفہ کی بنیاد اسلام ہے علم کا حصول اور عمل کا تسلسل اقبال کے نزدیک زندگی کے اصل مقاصد ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے قران کو مستقل راہ بنا کر چلنا ہو گا۔اس راستے میں فکر اقبال ہی ہماری راہنمائی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی راہنمائی سے ہم نے پاکستان حاصل کیا تھا اور اسی کے تسلسل سے ہم مقبوضہ کشمیر کو بھی آزادی سے ہمکنار کریں گے اور یہی ہمیں ترقی کی منزل تک لے جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں