آزاد کشمیر، سرکاری ملازمت کرنیوالے میاں بیوی کو ایک ہی سٹیشن پر تعینات کرنے کی ویڈ لاک پالیسی کی منظوری دیدی گئی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے سرکاری ملازمت کرنے والے میاں بیوی کی ملازمت کے دوران مختلف سٹیشنوں پر پوسٹنگ کی وجہ سے سماجی و اقتصادی مسائل کے حل کے لیے ویڈلاک پالیسی کی منظوری دی ہے۔ ویڈلاک پالیسی کے تحت مختلف سٹیشنوں پر تعینات سرکاری ملازم میاں بیوی کو ایک ہی سٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔

اس پالیسی کے تحت خواتین سرکاری ملازمین جن کے شوہر سرکاری ملازم نہ ہیں انہیں ہوم سٹیشن سے قریب ترین جگہ پر تعینات کیا جائے گا۔جبکہ ایسی خواتین جو کسی بیماری کا شکار ہیں یا جن کے بچے ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار ہیں کو اس حوالہ سے فوقیت دی جائے گی نیز ایک ہی سٹیشن پر دو یا دو سے زیادہ ملازمین کی تعیناتی کے حوالہ سے زیادہ سروس والے ملازم کو ترجیح دی جائے گی۔ اسی حوالہ سے کسی دوسرے محکمہ میں عارضی پوسٹنگ یا ڈیپوٹیشن کے حوالہ سے متعلقہ محکمہ سے مشاورت کے بعد کارروائی کی اجازت ہوگی نیزمتعلقہ پوسٹ کے سروس رولز کے تحت ڈیپوٹیشن کی مقررہ شرائط پر ایسی بنیادی تنخواہ کے سکیلز میں پوسٹ کی دستیابی پر ٹرانسفر یا ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔ویڈلاک پالیسی کے تحت ڈیپوٹیشن پر تعینات خاتون ملازم کو ڈیپوٹیشن پالیسی کے تحت مقرر کردہ مدت سے زیادہ ڈیپوٹیشن کی اجازت اس شرط پر دی جاسکتی ہے کہ پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ کو اس پر اعتراض نہ ہو۔ ویڈلاک پالیسی ملازمت پیشہ خواتین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مرتب کی گئی ہے اورا س حوالہ سے تمام محکمہ جات ایسے میاں بیوی کا ریکارڈ مرتب کرنے کا پابند ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں