پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہونے کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان، وفاقی کابینہ نے تیل کمپنیوں کا مارجن 63 فیصد بڑھانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے تیل کمپنیوں کا مارجن مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے منظوری دی ہے کہ تیل کمپنیوں کا مارجن مزید بڑھا دیا جائے، اس فیصلے کے بعد پٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں کے مارجن میں 2 روپے 32 پیسے فی لٹر اضافے کی منظوری دے دی گئی، وفاقی کابینہ نے یہ منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔یوں پٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں کا فی لیٹر مارجن 6 روپے ہو جائے گا، جس سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ کچھ روز قبل ہی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرط پر پٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا دی گئی۔4 نومبر کو ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہائی اوکٹین پر لیوی بڑھانے کی منظوری دی گئی۔جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی سمری مئوخر کردی گئی،ہائی اوکٹین پر30 روپے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی عائد کی تھی، جبکہ اب ہائی اوکٹین پر پوری پیٹرولیم لیوی کی شرح عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 

 

ہائی اوکٹین پر پیٹرولیم لیوی کی شرح50 روپے عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ہائی اوکٹین پر 16نومبر سے پیٹرولیم لیوی کی شرح 50 روپے عائد ہوجائے گی۔ یہاں واضح رہے کہ حکومت نے یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پٹرولیم لیوی، آئل کمپنیوں کے مارجن بڑھنے اور سیلز ٹیکس لگنے سے 16 نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close