سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کیخلاف قومی اسمبلی میں بڑا اقدام اٹھا لیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ، قرارداد میں حکومت پنجاب سے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر مزاری کے لئے دعا کرائی گئی،

وفاقی وزیر برائے قانون سردار ایاز صادق نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا، جس کے بعد مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ فیاض الدین نے قرار داد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہے ہے یہ ایوان سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتا ہے اور حکومت پنجاب سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ، اس ایوان کی رائے ہے کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے حزب اختلاف کے ممبران اسمبلی کو انتقام کا نشانہ بنانے کی روایت جمہوریت کے منافی ہے، لہذا اس قسم کے ہتھکنڈوں سے عوام کی خدمت جو حکومتوں کا نصب العین ہے اس کو پس پشت ڈال کر انتقام کی سیاست سے گریز کیا جائے ۔ اس موقع پر اسپیکر نے قرارداد پر رائے شماری کرائی جس کے بعد قراردادمنظور کر لی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں