بلدیاتی الیکشن کی اہمیت و افادیت کو میڈیا میں اجاگر کرنے کے لئے صحافیوں کی تربیتی ورکشاپ کے دوررس نتائج مرتب ہونگے، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات آزاد کشمیر راجہ اظہر اقبال

میرپور (آئی اے اعوان )آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہاہے کہ حکومت آزاد کشمیر 31 سالوں بعد جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروا رہی ہے۔بلدیاتی الیکشن کی اہمیت و افادیت کو پرنٹ،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں اجاگر کرنے کے لئے صحافیوں کی تربیتی ورکشاپ کے دوررس نتائج مرتب ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسٹ یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں ایک روزہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میڈیاورکشاپ سے ٹی وی جرنلسٹس ایسو سی ایشن کے چیئرمین امتیازاحمد اعوان، محمد عارف عرفی،آصف رضا میر،جلال الدین مغل اور دیگر سینئر صحافیوں نے خطاب کیا۔قبل ازیں ملٹی میڈیا کے ذریعے پرنٹ،الیکٹرنک اور ڈیجیٹل میڈیا کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق مختلف زاویوں سے بریفنگ دی گئی۔سیمینار میں صحافی آداب و اخلاقیات اور درست اور صحیح صحافت کے فروغ سمیت زرد صحافت کی روک تھام کے لئے حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔

ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق محکمہ اطلاعات پرنٹ،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل صحافت کے فروغ، درست اور صحیح معلومات کی عوام تک فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈویژن میرپور میں صحافیوں کو بلدیاتی الیکشن کے دوران ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ،فیک نیوز کی روک تھام اور ووٹ کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے میں اس سیمینار کے دور س نتائج مرتب ہوں گے۔

میڈیا ورکشاپ میں ڈویژن میرپور کے تینوں اضلاع کے صحافیوں،محکمہ اطلاعات کے افسران اور مسٹ یونیورسٹیوں کے شعبہ ماس کمیونکیشن کے پروفیسر بھی موجود تھے۔ ورکشاپ میں بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کے لیے میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ووٹ کی اہمیت اور افادیت سمیت ووٹروں کو اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کرنے کے بارے میں تعلیم دینا،انتخابی مہم کی پراگرس اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ سے عوام اپنی پسند کے نمائندے منتخب کرسکتے ہیں،ورکشاپ شرکا کو بتایا گیا کہ میڈیا شہریوں کو موجودہ واقعات سے باخبر رکھنے اور کسی بھی معاشرے میں مختلف مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس کا عوام کے خیالات اور سوچ کے انداز پر بھی انتہائی اہم اثر پڑتا ہے۔ میڈیا وہ بنیادی ذریعہ ہے جس کے ذریعے رائے عامہ کی تشکیل ہوتی ہے۔انتخابات میڈیا کے لیے ایک بنیادی چیلنج ہیں، اس کی غیر جانبداری اور معروضیت کو پرکھتے ہیں۔ میڈیا، خاص طور پر قومی ذرائع ابلاغ کا کام، کسی بھی سرکاری ادارے یا مخصوص امیدوار کے لیے ایک ماؤتھ پیس کے طور پر کام کرنا نہیں ہے اور نہ ہونا چاہیے۔ اس کا بنیادی کردار عوام کو روشن خیال اور تعلیم دینا ہے اور تمام نقطہ نظر کی آزادانہ بحث کے لیے ایک غیر جانبدار، معروضی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا ہے۔سیمینار کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں