تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پوری قوت اور جذبہ سے کوشاں رہیں گے، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر

مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پوری قوت اور جذبہ سے کوشاں رہیں گے۔ کشمیر ی عوام اپنی منزل کے حصول کے لیے ایک تسلسل سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ہندوستان ظلم کی جتنی بھی انتہاء کردے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نرم نہیں کر سکتا۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور انشاء اللہ ہم راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یوم شہدائے جموں کے موقع پر جہاں ہم تحریک آزادی کے شہیدوں کو اپنا سلام عقیدت پیش کرتے ہیں وہاں اس بات کا بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم اس مشعل کو ہر صورت فروزاں رکھیں گے جو ان شہیدوں نے اپنے خون سے روشن کی تھی۔یوم شہدائے جموں کے موقع پرا پنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی اور حریت کا نعرہ بلند کرنے والوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ مقبوضہ علاقے میں اسلامی تہذیب و ثقافت کو مسخ کرنے او رتناسب آبادی کو تبدیل کرنیکی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا تعلق ریاست پاکستان سے ہے اور وہ اس کیلئے اپنی کئی نسلیں قربان کر چکے ہیں۔

وادی میں شہید ہونے والے بوڑھوں، بچوں، عورتوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنائے جارہے ہیں، نہتے کشمیری بھارت کے جدید اسلحے سے لیس فوج کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم بند کروائے اور بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کشمیریوں کا مسئلہ بہترین انداز میں بین الاقوامی فورمزپر لڑ ا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں