عمران حملہ کیس، آئی ایس آئی اورایم آئی افسران کا تحقیقاتی ٹیم کا حصہ بننے سے انکار، وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد (آئی این پی)انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے افسران سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے معاملے میں بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ایک نجی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ خفیہ اداروں کے نمائندوں نے وزارت داخلہ اور پنجاب ہوم آفس کو آگاہ کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سرکاری حکام کوآگاہی دی گئی کہ تحقیقات میں شامل نہیں ہونگے تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھے۔سرکاری حکام نے آئی ایس آئی اور ایم آئی کی جانب سے ملے پیغام کی تصدیق کی اور کہا کہ انٹیلی جنس ادارے خود کو کسی تنازع سے بچانا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی چیئرمین سمیت 13 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔لانگ مارچ میں شریک افراد نے موقع سے ایک شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی تھی، بعد ازاں پولیس نے نوید کے گھر والوں کو بھی حفاظتی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close