اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر حملے کی شدید مذمت کردی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک اںصاف کے لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے پر وزیراعظم کا ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم پر حملے کی شدید مذمت کی اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو آئی جی اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کردی۔
اس کے علاوہ شہباز شریف نے آج 5 بجے شیڈول اپنی پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا، چوہدری پرویز الٰہی نے وزیرآباد کے قریب لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے واقعے پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو ہسپتال میں بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کنٹینر پر فائرنگ میں کسی بھی ہلاکت کی تردید کردی، دنیا نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، فائرنگ کے اس واقعے میں چند افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کا واقعہ وزیرآباد میں پیش آیا، جہاں اللہ والا چوک میں پی ٹی ائی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی، جس وقت فائرنگ ہوئی تو عمران خان کا کنٹینر بھی اللہ والا چوک کے قریب ہی موجود تھا، تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں کنٹینر کے قریب لانگ مارچ کے دوران فائرنگ سے عمران خان زخمی ہوئے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے چیئرمین تحریک انصاف کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
معلوم ہوا کہ وزیرآباد میں فائرنگ کے بعد مارچ میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ اس دوران کنٹینر سے اعلانات کیے گئے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان محفوظ ہیں اور عمران خان کو گاڑی کے ذریعے روانہ کردیا گیا جب کہ فائرنگ کے واقعے میں 5 قریب افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کا نام بھی بتایا گیا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کی فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں