پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، پی ٹی آئی رہنما نے کارکنان کیلئے غلیلیں خرید لیں

پشاور(پی این آئی)پشاور کے سابق ناظم ارباب عاصم نے پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کے لیے غلیلیں خرید لیں ہیں جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ضلع پشاور میں تحریک انصاف کے قائدین کی جانب سے لانگ مارچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

 

 

ایک جانب صوبائی وزیر کی جانب سے لائسنس یافتہ اسلحہ ساتھ لے جانے کا بیان سامنے آیا تو دوسری جانب پی ٹی آئی پشاور کے رہنما نے جوابی کارروائی کے لیے غلیلیں خرید لی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں پشاور کے سابق ناظم ارباب عاصم نمک منڈی کی مارکیٹ سے غلیلیں خریدتے ہوئے نظر آئے۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر ورکرز بھی موجود تھے۔اردو نیوز نے خبر کی تصدیق کے لیے غلیل مارکیٹ کے دکاندار سے رابطہ کیا تو دکاندار نے بتایا کہ گزشتہ شب ارباب عاصم آئے تھے اور تین درجن اچھی کوالٹی کی غلیلیں خریدیں۔ دکاندار محمد شاکر کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے خریدیں گئیں غلیلوں کی قیمت پانچ سو روپے پر غلیل ہے، جو مضبوط ہے اور دور تک پتھر پھینک سکتی ہے۔

 

 

دکاندار کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کچھ ورکرز غلیلیں خرید کر لے جا چکے ہیں اور مزید غلیلیں تیار کی جا رہی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما ارباب عاصم نے موقف اپنایا کہ ’میں صرف غلیل مارکیٹ دیکھنے گیا تھا مگر میں نے خریدیں نہیں، تصویریں صرف سوشل میڈیا کے لیے نکالی تھیں۔ ورکرز نے شاید خریدی ہوں کیونکہ یہ شکار کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں، ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔دوسری جانب غلیلیں خریدنے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بھی دکاندار سے پوچھ گچھ کی جس کی تصدیق مارکیٹ کے دوسرے دکانداروں نے کی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پارٹی کی طرف سے کسی کو ہتھیار یا اسلحہ لانے کی ہدایت نہیں دی گئی اور نہ اجازت دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close