اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ، پٹیشن علی امین گنڈا پور کی آڈیو لیک کی بنیاد پر دائر کی جائے گی،پٹیشن کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،سپریم کورٹ میں پٹیشن علی امین گنڈا پور کی آڈیو لیک کی بنیاد پر دائر کی جائے گی، آڈیو لیک کے مطابق لانگ مارچ میں اسلحہ بردار لائے جارہے ہیں، جس سے خون خرابے کا خدشہ ہے، پٹیشن میں سپریم کورٹ کو لانگ مارچ میں ممکنہ خون خرابے سے آگاہ کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے پٹیشن کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے جلد سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی۔اس سے قبل وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے آج اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان کا مقصد اسلام آباد میں صرف جلسہ کرنا نہیں ہے، سپریم کورٹ کی متعین کردہ جگہوں پر دھرنا دینا بھی مقصد نہیں ہوسکتا، اس کا مقصد یہ ہے کہ لاشیں گرائے امن وامان کی ایسی صورتحال پیدا کرے کہ قانون نافذ کرنے والے لوگ آپس میں الجھ پڑیں، اس دوران اس کو لاشیں مل جائیں ، پھر الزام اداروں پر لگا دیا جائے۔
رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں علی امین گنڈا پور کی آڈیو گفتگو بھی سنائی اور کہا کہ سابق وزیرکی گفتگو کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ اسلام آباد اور پنڈی کے بارڈر پر بندے اور بندوقیں کیوں رکھنا چاہتا ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک فتنہ فساد پھیلانا چاہتے ہیں اور قومی سانحہ بنانا چاہتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور سے بات کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔مبینہ آڈیو میں نا معلوم شخص نے کہا جی علی خان،علی امین گنڈا پور نے پوچھا کہ صدر صاحب کیا پوزیشن ہے؟ نامعلوم شخص نے کہا کہ سر پوزیشن اے ون ہے،آپ سنائیں۔ علی امین گنڈا پور نے پوچھا کہ بندوقیں کتنی ہے؟ نامعلوم شخص نے کہا بہت ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہاں قریب ترین جگہ کونسی ہے آخر میں، کونسی کالونی لگ رہی ہے۔ نامعلوم شخص نے پوچھا کہ ہمارے ہاں؟ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بارڈر پر، اسلام آباد اور راولپنڈی بارڈر پر،ٹول پلازہ کے بعد لیفٹ سائیڈ پر، ٹاپ سٹی ہے یا کیپٹل؟ نامعلوم شخص نے جواب دیا کہ ٹاپ سٹی بھی ہے۔
کیپٹل بھی ہے، بہت ساری ہیں،بتائیں۔علی امین گنڈا پور نے پوچھا کہ ٹاپ تو ائیرپورٹ پر ہے ناں؟ نامعلوم شخص نے کہا کہ میں نے پورا نقشہ بھیجا تھا آپکو۔ علی امین گنڈا پور نے کہا وہ ہے میرے پاس،وہاں پر آپ بندے اور سامان رکھیں ریڈی۔ نامعلوم شخص نے جواب دیا کہ سر کوئی مسئلہ نہیں،علی امین گنڈا پور نے کہا بس پھر رابطے میں ہیں۔ نامعلوم شخص نے کہا کہ بندے بھی جتنے چاہیے ہوں گے سر۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اب ہم کیمپ لگا رہے ہیں ساتھ ہی کالونی میں۔ نامعلوم شخص نے جواب دیا جی سر۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں