لاہور (پی این آئی) سینئر صحافی کے مطابق فیصل واوڈا کی بنا ثبوتوں کے کی گئی پریس کانفرنس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی جانب سے ارشد شریف کے قتل سے متعلق کی گئی پریس کانفرنس پر سینئر صحافی کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔
سینئر صحافی حامد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کا دعویٰ اپنی جگہ لیکن ارشد شریف سے سب سے زیادہ قربت ان کی والدہ اور اہلیہ کی ہی ہو گی، اس لیے ارشد شریف نے اپنی زیادہ تر باتیں والدہ اور اہلیہ سے ہی کی ہوں گی۔قانون کی نظر میں فیصل واوڈا کی بجائے ارشد شریف کی والدہ اور اہلیہ کے بیانات کی زیادہ اہمیت ہو گی۔ جبکہ اینکر شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بنا ثبوتوں کے کی گئی پریس کانفرنس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، حکومت کو ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کروانی چاہیں، جبکہ عمران خان اور پی ڈی ایم کو اس معاملے پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔جبکہ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے بھی فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا گیا۔حماد اظہر کا کہنا ہے کہ دلچسپ بات ہے کہ پی ٹی وی نے فیصل واوڈا کی مکمل پریس کانفرنس براہ راست نشر کی، جبکہ سرکاری نشریاتی ادارہ عمران خان یا تحریک انصاف کے کسی رہنما کی پریس کانفرنس دکھاتا ہی نہیں ہے۔
جبکہ سینئر اینکر وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سچ پوچھیں تو انہیں سمجھ ہی نہیں آئی کہ فیصل واوڈا کہنا کیا چاہ رہے تھے، ان کی پریس کانفرنس کا تحریک انصاف کو علم نہیں تھا تاہم ن لیگ کا سوشل میڈیا شام سے اس حوالے سے ٹوئٹس کر رہا تھا، فیصل سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم رابطہ نہ ہو سکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں