اگر مجھے قتل کیا گیا تو وہ لوگ بھی تین گھنٹے میں مارے جائیں گے، فیصل واوڈا نے تہلکہ خیز پریس کانفرنس میں کس کو دھمکی دیدی؟

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی شہادت ایک حادثہ نہیں ہے ، ان کا قتل ہوا ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی، ارشد شریف کے قتل کے شواہد مٹا دیے گئے ہیں، ان کا نہ لیپ ٹاپ ملے گا اور نہ ہی موبائل فون ملے گا۔ ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے گولیاں ماری گئیں، انہیں لانگ رینج سے دو گولیاں نہیں لگ سکتیں، ان کے سر اور سینے میں گولی ماری گئی۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو گولی لگ سکتی ہے تو کسی کو بھی لگ سکتی ہے، آنے والے دنوں میں بھی وہ بہت کچھ بتائیں گے اور اب نہیں رکیں گے، جو معلومات مجھے ہیں میں یہ برداشت نہیں کرسکتا، اگر مجھے قتل کیا گیا تو وہ لوگ بھی تین گھنٹے میں مارے جائیں گے، میں نے ویڈیو بنا کر نام دے دیے ہیں۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ کسی سیاسی شخصیت کا کام نہیں کہ وہ ارشد شریف کو فارم ہاؤس میں چھپائے، ارشد شریف بھاگنے والا آدمی نہیں ہے، انہیں سازشیوں نے ڈرایا دھمکایا اور کہا کہ ملک سے چلے جاؤ۔ ارشد شریف کو دبئی سے کوئی عام آدمی کینیا نہیں بھجوا سکتا،یہ لوگ اپنی خواہشات پر لوگوں کو مروانے پر تلے ہوئے ہیں، ارشد شریف کینیا میں کیا کرتا رہا؟ اس کے پیچھے بے ایمان لوگ ہیں۔ آنے والے دنوں میں تمام پردے چاک کروں گا۔

۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان پر امن احتجاج کرنے جارہے ہیں لیکن انہیں لانگ مارچ میں خون ہی خون اور جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں، عمران خان کے لانگ مارچ میں بے گناہ اور اہم لوگوں کی لاشیں دی جائیں گی، ابھی ایک ارشد شریف شہید ہوا ہے، ابھی بہت سی لاشیں گرنی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں