الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف بڑا ایکشن لے لیا

اسلام آباد(پی این آئی)الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی آگے بڑھانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کررکھی تھی، عمران خان الیکشن کمیشن میں اپنا جواب جمع کراچکے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما توہین الیکشن کمیشن کا اختیار تسلیم کرچکے ہیں۔

 

 

درخواست کے متن کے مطابق تحریری جواب آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو کارروائی کا عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی پر حکم امتناع جاری کیا، ہائی کورٹس میں یقین دہانی کے بعد بھی عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنما پیش نہیں ہورہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کا سیکشن الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا اختیار دیتا ہے، سیکشن 10 آئین کے آرٹیکل 204 اور 175 کے متصادم نہیں۔الیکشن کمیشن نے درخواست میں توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف ہائی کورٹس کے حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں