سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے آزاد کشمیر میں اربوں روپے کی لاگت سے تین میگا پراجیکٹس پر دستخط

مظفرآباد(پی این آئی) سعودی ڈویلپمنٹ فنڈآزادکشمیر میں ہائیڈرو پاور اور ٹینل کی تعمیر کے تین بڑے منصوبوں کی تعمیر کیلئے 29 ارب 88 کروڑ 88 لاکھ 56 ہزار روپے فراہم کرے گا۔اکنامک افیئرز ڈویژن سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے مابین فنڈز کی فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردارتنویر الیاس خان نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے آزادکشمیرکی وادی نیلم میں 11 ارب 27 کروڑ 43 لاکھ روپے کی لاگت سے 48 میگا واٹ شونٹھر پن بجلی کے منصوبہ، 6 ارب 61 کروڑ 46 ہزار 56 ہزار روپے لاگت سے 22 میگا واٹ جاگراں فیز فور منصوبہ اور مظفرآباد نیلم شاہراہ پر کامسر تا کہوڑی 3عشاریہ 7 کلومیٹر اور چھل پانی کے مقام پر 0 عشاریہ 6 کلو میٹر ٹینل کی تعمیر کیلئے 12 ارب روپے کی فراہمی پر سعودی حکومت اور سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا

وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے کم وبیش 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کو آزادکشمیر حکومت کیلئے ایک بڑا سنگ میل قرار دیا انھوں نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی کوششوں کی وجہ سے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے آزادکشمیر کیلئے تقریبا30ارب کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال بھی موجودتھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جاگراں IV(22میگاواٹ) ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔

پراجیکٹ کی انتظامی منظوری جاری کی جا چکی ہے۔ پراجیکٹ کے لیے درکار اراضی آزادحکومت نے اپنے مالی وسائل سے حاصل کر لی ہے۔ اکنامک افیئر ڈویژن اورSFDکے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شونٹر 48میگاواٹ پراجیکٹ کا PC-Iسنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔ اکنامک آفیئر ڈویژن اورSFD کے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔ ان پراجیکٹس سے حاصل ہونے والی بجلی کو مظفرآباد گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر کے لیے رقم بھی مختص ہے۔

پراجیکٹس کی تعمیر کے بعد دیگر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہونے کی بناء پر مظفرآباد ڈویژن کو بجلی کی فراہمی لوکل سطح پر ممکن ہو سکے گی جس سے دارالحکومت میں لوڈشیڈنگ کے مسائل مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔ پراجیکٹس کی تعمیر سے روزگار کے مواقع میسر ہو ں گے۔انہوں نے کہاکہ مظفرآباد تا تاؤ بٹ سڑک سیاحت اور اس سے ملحقہ دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بارش کے دوران کامسر او ر چھلپانی کے مقام پر خطرناک ہو جاتی ہے جہاں پر اس سے قبل انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

اس خدشہ کے پیش نظر ان دونوں جگہوں پر ٹنل ہاء کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے درکار فنڈ مالیتی 20کروڑ 62لاکھ 50ہزار سعودی ریال SFDفراہم کرے گا۔ سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ کرونا وائر س کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں تباہ ہوئیں، جی ٹوینٹی ممالک بھی معاشی مشکلا ت کا شکار ہیں، ایسے وقت میں سعودی عرب کی جانب سے آزادکشمیر کیلئے ترقیاتی فنڈز دینے سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کی محنت اور تجربے کی بدولت ہمیں یہ کامیابی ملی،فیاض علی عباسی نے نے بطور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کو لیڈکیا۔ آزادکشمیر میں مالی مشکلات کو موجود ہیں جن سے باہر نکلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ان کا شکرگزار ہوں۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی نے کہا کہ ان منصوبوں پر ایک ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close