ن لیگی سینئر لیڈر نے جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر منفی ریمارکس کی ذمہ داری عمران خان پر ڈال دی

اسلام آباد(آئی این پی )وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے امریکی صدر جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے اپنے ہی ملک کے خلاف امریکا میں ایک لابنگ فرم رکھی ہے ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مصدق ملک کا کہنا تھاکہ امریکی صدر بائیڈن کے بیان پر حیرت کیوں؟ عمران خان امریکا میں جوہری پروگرام کے خلاف مسلسل لابنگ کریں گے تو نتیجہ اور کیا نکلے گا؟ ڈیوڈ فینٹن پاکستان کی ایٹمی قوت کے خلاف تحریک کا بانی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے لابنگ کے نام پر ڈیوڈ فینٹن کو پاکستان کے خلاف کروڑوں کا کنٹریکٹ دیا، اب قوم کیا صدر بائیڈن کے اس بیان پر عمران خان کو مبارک باد دے۔وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ عمران خان سچ کہتے تھے، وہ خطرناک ہیں، بہت خطرناک، عمران خان نے اپنے ہی ملک کے خلاف امریکا میں ایک لابنگ فرم رکھی۔خیال رہے کہ امریکی صدر نے الزام عائدکیا ہے کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے،

اس بات کا خدشہ ہیکہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔پاکستان نے امریکی صدر کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے اور امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close