الیکشن کمیشن کا عوامی دبائو میں آکر الیکشن کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نےاینکر سمیع ابراہیم کے پروگرام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پبلک پریشر میں آ کر ضمنی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے،حالانکہ الیکشن کرانے کے لیے نہ تو حکومت تیار ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن،انہوں نے دو بار پہلے الیکشن ملتوی کیے تھے۔

 

 

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت عمران خان کو گرفتار نہیں کر سکتی، عمران خان کے خلاف جو کیسز کر رہے ہیں اس کے بجائے ملک کی معیشت کا حشر دیکھ لیں، انڈسٹریز بند ہو گئی ہیں نوکریاں ختم ہو گئی ہیں، ملک میں مہنگائی آ گئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ تاریخ 23 اکتوبر کو ہوں گے۔ این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے 16 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔ وزارت داخلہ نے باقاعدہ طور پر الیکشن کمیشن کو خط تحریر کیا ۔اپنے خط میں وزارت داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن اور بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے تھے، سیلاب اور اس کے بعد بیماریوں بالخصوص ڈینگی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ۔ خط میں کہا گیا کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریلیف دینے میں مصروف ہے،وفاق اور صوبوں کی زیادہ تر توانائیاں بحالی کے کاموں میں لگے ہیں۔

 

 

جبکہ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے، محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں، اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے بھاری نفری درکار ہوگی،ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اورایف سی پر شدید دباؤ ہوگا۔ان اداروں سے اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں،الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90دن کیلئے ملتوی کیے جائیں۔اس سے قبل بھی ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب کی تبارکاریوں کی وجہ سے ضمنی الیکشن ملتوی کیے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں