اسلام آباد (پی این آئی)اسلام آباد میں گزشتہ روز نجی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق مقدمہ 436 دفعہ کے تحت ایس ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد نے شاپنگ مال کو نامعلوم وجوہات پر آگ لگائی، ٹاور اے شدید آگ کی لپیٹ میں تھا، ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔واضح رہے کہ اتوار کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں
واقع نجی مال میں آگ لگ گئی جس پر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی، شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا رہا۔دوسری جانبآگ کی لپیٹ میں آنے والے اسلام آباد کے نجی مال کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی مبینہ سست روی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق
نجی مال کی انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مشینری کی کارکردگی ناقص تھی جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں تاخیر کی گئی۔نجی مال کی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ ناقص کارکردگی کی جانب توجہ دلانے پر ضلعی انتظامیہ نے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور مال کے مالک کے بیٹے اور بھائی کے ساتھ ضلعی حکام نے بدتمیزی کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں