پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا قومی اسمبلی میں واپسی سے متعلق اہم بیان

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق گورنرعمران اسماعیل نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی اسمبلیوں میں واپس جاکر ان چوروں کو تسلیم نہیں کرے گی، پاکستان کیخلاف سازش کرنے والے کو میرجعفر میرصادق کہنے میں کیا حرج ہے؟ ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ سائفر پر کمیٹی بنا کر تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفر میں تھا عمران خان کو ہٹاواور شہبازشریف کو لگاؤ۔

 

 

جس نے پاکستان کیخلاف سازش کی اس کو میرجعفر میرصادق کہنے میں کیا حرج ہے؟ ہماری آج بھی خواہش ہے کہ سائفر پر کمیٹی بنا کر تحقیقات کرائیں۔عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ تو خود بہت بڑے چور ہیں، ان کے وزیراعظم ہاؤس سے سائفر بھی چوری ہوگیا، ہم آج بھی اس بات پر کھڑے ہیں کہ ہم اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے، ہم ان چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چودھری نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کا وزیراعظم ہونا پاکستان کیلئے خطرناک ہے، عمران خان جہاں جاتے ہیں لاکھوں لوگ باہر نکل آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آخری تنخواہ اپریل میں لی تھی جس کا یہ ثبوت ہے کہ ہمارے استعفے منظور ہوچکے ہیں، ان چوروں کا کہنا ہے ہمیں اسمبلیوں میں بیٹھنا چاہیے جبکہ عوام نئے الیکشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فائنل میچ کھیلنا ہے ریہرسل کے بغیر ہی جائیں گے۔

 

لانگ مارچ کا حتمی فیصلہ ایک 2روز میں ہوجائے گا،لانگ مارچ پی ٹی آئی کا سیاسی معاملہ ہے اس سے پنجاب حکومت کا کوئی تعلق نہیں،عمران خان اور پی ٹی آئی کو پنجاب حکومت کی مدد لینے کی کوئی ضرورت نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ جعلی آڈیو لیکس چل رہی ہیں ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، جعلی آڈیو لیکس میں 5 ارکان کیا 50کی بھی بات ہوتی تو کوئی مسئلہ نہیں، یہ سارا پروپیگنڈا اپنی موت آپ مرجائے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میانوالی عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے جعلی ویڈیوز بنائی ہوئی ہیں، جس کی ماہر مریم نواز ہیں، لمحہ فکریہ ہے کہ وزیراعظم آفس کے ٹیلیفون لیکس ہورہی ہیں،آڈیو لیکس دشمن کے پاس چلی گئیں، اس کی ذمہ داری انٹیلی جنس ایجنسیز پر ہے، انٹیلی جنس ایجنسیزکا کام نامعلوم نمبروں سے لوگوں کو ڈرانے یا سیاسی جوڑ توڑ کرنا آپ کا کام نہیں ہے، ن لیگ نے ایک اور کام کیا ہوا ہے، فیک ویڈیوز بنائی ہوئی ہیں، اس کی ماہر جھوٹوں کی پی ایچ ڈی مریم نواز ہیں، جعلی آڈیوز بنانا مشکل بات نہیں ہے، آپ کہیں تو ہم سب کی نکال دیں گے۔اسی طرح عمران خان نے مزید کہا کہ جلد لانگ مارچ کی کال دوں گا، میانوالی والوں کو نکلنا ہوگا،ہمارا مقابلہ مافیا کے ساتھ ہے۔خوف کی زنجیر گرتی نہیں توڑی جاتی ہے۔آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے۔ شہبازشریف کواب سائفر یاد آگیا ۔شہبازشریف اب سائفر تحقیقات کی بات کررہے ہیں۔میں نے سپریم کورٹ کو سائفر اس لیے بھیجا کہ تحقیقات ہوں۔شہبازشریف سائفر سازش کا حصہ تھے،سازش کے تحت عمران خان کی حکومت جاتی تو کس کو آنا تھا،شہبازشریف کو ہی سازش کے تحت حکومت میں آنا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مارے دور میں بجلی ،گیس اور پیٹرول کی قیمتیں زیادہ نہیں تھیں۔

 

 

آج لوگ حیران ہیں ،فیس دیں یا بھوک ختم کریں۔ ہمارے اوپر مسلط کیے گئے لوگ اپنے خلاف کیسز ختم کروارہے ہیں۔ مجھے 4 لوگوں نے قتل کروانے کا منصوبہ بنایا، مجھ پر توہین مذہب کا الزام سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لگایا گیاکہ اگر مجھے کچھ ہوا تو کہا جائے گا کہ عمران خان کو کسی مذہبی جنونی نے قتل کیا۔ میں نے ایک ٹیپ ریکارڈ کروا کے رکھی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو قوم 4 لوگوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔مجھے کچھ ہوا تو ٹیپ ریلیز کی جائے گی جس میں چار لوگوں کے نام پورے ملک کے سامنے آئیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close