پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ میں کتنے افراد شرکت کریں گے؟ وزیرداخلہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ایک میٹنگ میں بریفنگ کے دوران بتا یا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے شرکا کی تعداد 15 سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے پہ غور و خوص کیا گیا، ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کو روکنے سے متعلق حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

 

 

وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پراجلاس کی کارروائی کو ان کیمرہ رکھا گیا، اجلاس میں سیکیورٹی ایجنسیز نے رانا ثنا اللہ کو پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ریڈزون میں واقع سرکاری عمارتوں اورڈپلومیٹک انکلیو کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لانگ مارچ کی صورت میں پاک فوج آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات ہوگی۔ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی صورت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور تنظیموں کے خلاف ایکشن لینے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کی صورت میں اسلحہ ساتھ رکھنے پرمکمل پابندی عائد کی جائے گی۔

 

 

وفاقی ملازمین کی مکمل شناخت اور ایسٹا کوڈ کے تحت کاروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد سمیت سندھ پولیس، رینجر اور ایف سی کی خدمات لی جائیں گی، اسلام آباد ، سندھ پولیس، ایف سی اور رینجرز کی 30 ہزار نفری کا بندوبست کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close