اسحاق ڈار نے این آر او ملنے کی خبروں پرخاموشی توڑ دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میں کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوں این آراوتو عمران خان نے اپنی فیملی کو دیا، میں ان چند لوگوں میں سے ہوں جو عمرا ن خان کے بارے سب جانتے ہیں، آپ کی ہربات کا جواب دے سکتا ہوں، میری وارننگ کو سنجیدہ لیں ورنہ پبلک میں جنگ ہوگی۔ عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہیں، ان کو خوف میاں نوازشریف کا ہے، پھر ان کو میری تکلیف ہے شاید ان کو پتا ہے کہ ماضی کی طرح معیشت ٹھیک ہوگئی تو عمران خان کو جگہ نہیں ملے گی۔ڈیل اور ڈھیل صرف عمرا ن خان کی قسمت میں ہے، ڈیل کرکے الیکشن لڑا، عمران خان دھرنا دیا ، مینارپاکستان خود کو لانچ کرایا، پھر 35پنکچر والا ڈرامہ کیا، ان کی خواہش پر عدالتی کمیشن بنایا گیا،فیصلہ ہوا کہ کوئی دھاندلی نہیں ہوئی،پھر عمران خان نے کہا کہ میرا سیاسی بیان تھا، شرم کی بات ہے کہ نظام حکومت کو متاثر کیا، 126دن قوم کو یرغمال بنایا۔چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا، سی پیک تاخیر کا شکار ہوا۔ انہوں نے کام کرنے کی بجائے معیشت، سفارتکاری، ہماری نئی نسل کی تباہی کردی، یہ کہتے ہم ہوتا تو ٹھیک ہوتا ورنہ ایٹم بم گرا دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بدترین جھوٹا اور بزدل آدمی ہے، ججز تحریک کے دوران یہ بھاگ گئے تھے۔ ان کوشرم آنی چاہیے کہ جن لوگوں نے ان کو اٹھایا انہیں پر تنقید کررہے ہیں، عمران خان یہ ثابت کرے کہ میں نے کوئی غلط کام کیا ہے، اسحاق ڈار نے کبھی ٹیکس میں تاخیر نہیں کی، افسوس ہوتا ہے عمران خان نے پاکستان کیلئے کام کرنے کی بجائے سیاسی انتقام کیلئے کام کیا۔میں چند لوگوں میں سے ہوں جس کو عمرا ن خان کے بارے سب پتا ہے۔ میں کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوں ، این آراو آپ مانگ رہے ہیں، عمرا ن خان نے این آراو اپنی فیملی کو دیا ہے۔ عمران خان سچ بولیں ، اخلاق کے دائرے میں بات کریں ورنہ منہ بند رکھیں، میری وارننگ کو سنجیدہ لیں ورنہ پبلک میں جنگ ہوگی، آپ کی ہر بات کا جواب دے سکتا ہوں۔ عمران خان آپ وہی ہیں جو آدھا آدھا گھنٹہ میرے دفتر کے باہر انتظار کیا کرتے تھے۔ میں یہ باتیں کرنا نہیں چاہتا۔ سیاست کریں سیاست کرنا آپ کا حق ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close