وزیراعظم کا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس، قیمتوں کے فوری تعین کرنے کی ہدایت کر دی

لاہور(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کے فوری تعین کرنے کی ہدایت کردی،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام نے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کو نقد امداد اور امدادی اشیا کی فراہمی میں کٹوتیوں سے متعلق شکایات کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی جبکہ اشیائے خوردنی اور امدادی سامان کی فراہمی میں پیش آنے والے مسائل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے فوری حل کرنے کی ہدایت کی،وزیر اعظم نے سیلاب کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین میں حائل مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک اور امدادی اشیا کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کریں، سیلاب متاثرین کو نقد امداد اور امدادی اشیا کی فراہمی میں کٹوتیوں سے متعلق شکایات کو دور کیا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں