آزاد کشمیر، کنٹریکٹرز کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر یکسو کرنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی کی سربراہی کمیٹی قائم کر دی گئی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزاد خطہ میں تعمیر و ترقی کا پہیہ تیز کرنے کے لئے کنٹریکٹرز کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر یکسو کرنے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی کی سربراہی کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ تعطل کا شکار منصوبوں پر فوری کام شروع ہوسکے،گذشتہ روز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے موقع پر وزراء حکومت عبدالماجد خان،دیوان علی چغتائی،چوہدری اظہر صادق،پرنسپل سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری سروسز، چیف انجینئر و دیگر حکومتی عہدیدار موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کنٹریکٹر کے جملہ مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ،سیکرٹری سروسز،چیف انجینئر اور کنٹریکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی 10 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفد میں صدر راجہ قیصر مجید، راجہ محسن مجید،سبطین گیلانی،میر عادل،آصف مصطفائی،عامر رفیق و دیگر شریک تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس خان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی، جملہ مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے ترقیاتی عمل میں اہم سٹیک ہولڈر ہے۔حکومت ایسوسی ایشن کے مسائل سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی شروع ہو چکی ہے اور ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی،گڈ گورننس،سستے انصاف کی فراہمی،سیاحت کا فروغ اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں