عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد، بڑی سیاسی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہو گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) جی ڈی اے کورکمیٹی کے متعدد ممبران نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، جی ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، عمران خان نے جی ڈی اے رہنماؤں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔

 

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی کورکمیٹی کے ممبران نے عمران خان کے ممکنہ لانگ مارچ سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔جی ڈی اے رہنماؤں نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، شبلی فراز، فواد حسین اور سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ کی سیاسی شخصیات جی ڈی اے کورکمیٹی ممبران مخدوم فضل، مخدوم محسن، مخدوم عمار، مخدوم حسنین اور شعیب خان ترین نے باضابطہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔عمران خان نے جی ڈی اے رہنماؤں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک کا جو نظریہ ہوتا ہے۔

 

 

وہ ایک روڈ میپ ہوتا ہے، پاکستان کے بانی قائداعظم نے قرارداد مقاصد پاس کی تھی وہ بہت زیادہ سوچ بچار کے بعد روڈ میپ آیا تھا، پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے گا، اور ریاست کی بنیاد ریاست مدینہ تھی۔یاد رکھیں غلام کی کبھی اونچی پرواز نہیں ہوتی، میں کرکٹ کھیلتا تھا تو مجھے مغربی اور پاکستانی معاشرے میں موازنہ کرنے کا موقع مل گیا، اگر کسی معاشرے نے اوپر جانا ہے تو آزادی کے بغیر معاشرہ اوپر نہیں جاسکتا۔ ہندوستان بھی ہم سے آگے نکل گیا ہے، 80 کی دہائی میں جب میں کرکٹ کھیلتا تھا تو میں واپس ملک میں آتا ایسے لگتا غریب ملک سے امیر ملک میں آگئے ہیں، بنگلا دیش بھی آگے نکل گیا ہے، یہ اربوں پتی بن گئے اور ملک کو مقروض کردیا گیا ،کیا ہم حقیقت کا ادراک نہیں کہ ہم معاشی نقصان کے ساتھ اخلاقیات تباہ کررہے ہیں،لوگوں کی مہنگائی سے کمر ٹوٹی ہوئی ہے جبکہ یہ اپنے 1100ارب کے کیسز معاف کروا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں