سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد، طلباء سرکاری ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی

مظفرآباد (آئی اے اعوان) موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آزادکشمیر کے سیاحتی مقامات کا حسن، خوشگوار موسم اور قدرتی ماحول کو تباہ ہونے سے کیسے بچایا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

آزادکشمیر کی وادی نیلم اور دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقدہ آگاہی واک میں تعلیمی اداروں کے طلباء سرکاری ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔شرکاء واک نے بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نیلم خواجہ اعجاز ایس پی نیلم ساجد عمران اور ڈائریکٹر سیاحت ملک مرتضیٰ نے شرکاء واک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کا دارو مدار ماحولیات پر ہے۔

آلودگی میں کمی ، ماحول کو ساف ستھرا رکھنے کے لئے سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کرے۔ گلوبل وارمنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا تحفظ کے ساتھ شجرکاری اور شجر پروری کی ضرورت ہے۔ سیاحت سے سیر تفریح کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان کے معاشی بحران کو کم کرنے کے لئے ملک کے سیاحتی مقامات کو بین الاقوامی سیاحت کے لئے کھول کر سالانہ اربوں ڈالر کا زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close