اسلام آباد (پی این آئی) اسحاق ڈار 5 سال بعد وطن واپس آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹر اسحاق ڈار کی 5 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان واپسی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ برطانیہ سے اسلام آباد پہنچے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار 2017 میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد بیرون ملک چلے گئے تھے اور 5 سال برطانیہ میں مقیم رہے۔ اب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کی ذمے داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد سابق وزیر خزانہ کی پاکستان واپسی ہوئی۔اسحاق ڈار کی جانب سے کل بروز منگل اپنی سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے، جبکہ کل ہی وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف بھی اٹھا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ اسحاق ڈار کو نیا وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیے جانے کے بعد مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو چکے۔ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز لیگی قیادت کی ہدایت پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد بھی حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہےکہ اسحاق ڈار ڈیل کے تحت اب واپس آرہا ہے۔
پیر کے روز انہوں نے جی سی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرکے کہا کہ ن لیگ کی حکومت تھی نیب نے انکوائری کیلئے بلایا تو یہ جواب نہیں دے سکتا تھا، اسحاق ڈار جواب دینے کی بجائے بھاگ گئے تھے، اسحاق ڈار ہمارے دور میں نہیں بھاگے تھے،اسحاق ڈار وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر باہر گئے تھے، یہاں چوروں سے ڈیل ہوتی ہے اور این آراو دیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں