نیویارک، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر پاکستانی، کشمیری کمیونٹی کی بھر پور احتجاج کی تیاری

نیویارک (پی این آئی) بھارتی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے آئیں گے تو اس موقع پر نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے پاکستانی اور کشمیری زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اس سلسلے میں مظاہرے کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اس مظاہرے کا اہتمام تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر کر رکھا ہے اس مظاہرے کی قیادت صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کریں گے جبکہ اس موقع پر مظاہرے میں امریکہ بھر سے پاکستانی اور کشمیریوں کے علاوہ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کے رہنماء بھی شریک ہونگے۔

مظاہرے کی تیاریوں کے سلسلے میں نیو یارک میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چوہدری مصطفی گجر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے آج ہونے والے اس مظاہرے میں اپنی نظریاتی، سیاسی، سماجی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر بھرپور انداز میں شرکت کریں اور اس میں شرکت کر کے جہاں بھارت کے مکروہ چہرے کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کر کے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کریں،

وہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کریں اور دنیا کو یہ واضح اور دوٹوک پیغام دے دیں کہ کشمیری دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی ہوں مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ لہذا میں امریکہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن سے پرزور اپیل کروں گا کہ وہ اس مظاہرے کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور انداز میں شرکت کریں اور 24ستمبر بروز ہفتہ دن 1بجے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظاہرے میں شریک ہوں۔ اس موقع پر استقبالیہ تقریب میں میزبان چوہدری مصطفی گجر، مدثر ضمیر، چوہدری ظہور، میاں طاہر، چوہدری پرویز سمیت مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close