پاکستان عالمی تنہائی سے نکل آیا، شہباز شریف کا لندن میں دعویٰ

لندن(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی سے نکل آیا ہے۔پیر کو لندن میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا اِن شااللہ پاکستان کو عظیم مملکت کا مقام ضرور دلائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ضروری ہے کہ سب مل کر محنت کریں اور ایک دوسرے کی ٹانگ نہ کھینچیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جھوٹ، غلط بیانی اوردروغ گوئی سے کام نہ لیں، سچی بات کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کی، اس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ ہوگئے۔شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اس سے قبل 20 ستمبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت، فرانس اور اسپین کے صدور اور آسٹریا کے چانسلر سے ملاقاتیں دورے کا حصہ ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات کے علاوہ گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ میں شرکت بھی شیڈول ہے۔شہباز شریف 21 ستمبر کو آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور ورلڈ بینک کے صدر سے بھی ملیں گے، امریکی صدر جو بائیڈن کے عشایئے میں شرکت اور چین کے وزیراعظم اور ترکیہ کے صدر سمیت دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔وزیراعظم نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کیساتھ عالمی میڈیا کو انٹرویوز بھی دیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں