آرمی چیف کے دورے کے اثرات، چین کا پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے مزید 500 ملین یوان کی امداد کا اعلان

راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیردفاع سے ملاقات کی جس میں چینی وزیر دفاع نے پاک فوج کے امدادی و بحالی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں میں فنی مدد کو تیار ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔آرمی چیف نے چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگے سے ملاقات کی۔

جنرل وی فینگے نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے عوام کیلئے مزید فوائد اور خوشحالی لائیگا۔ چینی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاک چین فوجی تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، وزیر دفاع نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کیلئے تکنیکی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو بھی سراہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر دفاع کے جذبات اور پاکستان کے لئے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ چین نے ہنگامی بنیادوں پر انسانی ہمدردی کے تحت 100 ملین یوان دینے سمیت چینی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 300 ملین جبکہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 100 ملین یوان دینے کا اعلان کیا گیا ۔ چین سیلاب زدگان کیلئے مجموعی طور پر 500 ملین یوان امداد دیگا، چینی امداد 71.3 ملین ڈالر اور پاکستانی کرنسی میں 15.8 ارب روپے بنتی ہے، اس سے قبل آرمی چیف کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے اپیل پر یو اے ای سمیت عالمی امدادی ادارے بڑے اعلان کرچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close