جیمی فالن کو شہباز شریف کا مذاق اْڑانا مہنگا پڑ گیا

لندن (این این آئی)معروف امریکی کامیڈین و میزبان جیمی فالن کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مذاق اْڑانا مہنگا پڑ گیا۔سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر جیمی فالن کے مشہور شو ’دی ٹونائٹ شو‘ سے ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے۔اس ویڈیو کلپ میں جیمی فالن کو وزیراعظم شہباز شریف کا اس بات پر مذاق اْڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ اْنہیں خود سے اپنے کان پر ٹرانسلیشن ایئر فون بھی نہیں لگانا آتا۔

یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ ہوا کچھ یوں کہ روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے دوران ٹرانسلیشن ایئر فون کو اپنے کان پر لگانے میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور پھر اْنہیں وہاں موجود پروڈکشن ٹیم میں سے ایک شخص کی مدد لینی پڑی، لیکن اس کے بعد بھی ان کے کان سے وہ ایئر فون اْتر کر گر جاتا ہے۔امریکی کامیڈین جیمی فالن نے اس واقعے کا ویڈیو کلپ اپنے شو کے دوران دِکھاتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس ملک کے باہر سے ایک خبر ہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی ہے اور اس دوران اْنہیں اپنے کان پر ٹرانسلیشن ایئر فون کچھ دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔اْنہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’حیرت کی بات یہ ہے کہ شہباز شریف دنیا کی 220 ملین آبادی کے وزیرِاعظم ہیں۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین شہباز شریف کا مذاق اْڑانے پر جیمی فالن پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔صارفین کے خیال میں اس طرح کے واقعات کسی بھی انسان کے ساتھ پیش آ سکتے ہیں، یہ عام سی بات ہے اتنی سی بات پر کسی کا مذاق اْڑانا انتہائی بے تْکی بات ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close